آج بعد نماز عصر میں مسجد نبوی میں کسی کے انتظار میں ٹیب پر آڑی ترچھی لکیریں کھینچنے میں محو تھا کہ یکلخت ماشاءاللہ اور سبحان اللہ کی صدائے ایمانی کان کے پردے سے ٹکرائی ، میں نے مڑ کر دیکھا تو بغل میں ہی ایک صاحب بغور و غوض میری آڑھی ترچھی لکیروں کو دیکھ کر خوش ہو رہے تھے اور میری تعریفیں کر رہے تھے ، میں نے نام پتہ پوچھا تو معلوم ہوا کہ وہ پڑوسی م۔لک کے ہی باشندے ہیں اور فی الحال عمرہ کو آئے ہوئے ہیں ، چونکہ وقت تھا تو سوچا کہ ان بھائی صاحب کا نام بھی لکھ دیتا ہوں شاید میری وجہ سے کسی کے چہرے پر تھوڑی دیر کے لیے ہی مسکراہٹ آ جائے۔ میں نے جب ان کا نام لکھا تو انہیں اتنا پسند آیا کہ اس کو نہ صرف کیمرے کی آنکھ میں قید ہی کیا بلکہ مجھے ڈھیروں دعائیں بھی دیں۔
پھر خود ہی گویا ہوئے کہ میں خواجہ اجمیر شریف ، غریب نواز اور نہ جانے کہاں کہاں کون کون سی درگاہ پر حاضری دے کر یہاں آیا ہوں۔ میں نے سمجھاتے ہوئے کہا کہ محترم کیا اس چیز کا ثبوت کہیں سے ملتا ہے۔۔۔۔۔۔ ، جب بات نہیں بنی تو کہنے لگے کہ میں وہاں دعا کرنے اور ان سے مانگنے نہیں جاتا بلکہ صرف فاتحہ خوانی کے لیے جاتا ہوں ، میں نے کہا کہ چلیں کم از کم فاتحہ خوانی کا ثبوت ہی دکھلا دیں ، جب اخیر میں کوئی بات نہیں بن پڑی تو میں نے سمجھاتے ہوئے کہا کہ دیکھیں اسلام میں دو چیزیں ہی اصل ہیں؛ قرآن اور حدیث ، اور کوئی بھی دینی کام بغیر قرآن وحدیث کے ثبوت کے صحیح نہیں ہو سکتا خواہ بظاہر وہ کتنا بھی بھلا کیوں نہ معلوم ہو۔ پھر میں نے مثال دیتے ہوئے پوچھا کہ اگر کوئی شخص ظہر کی 4 رکعت فرض پڑھنے کی بجائے 5 پڑھے تو کیا یہ عمل جائز ہوگا؟ حالانکہ اس میں وہ قرآن اور دعائیں ہی پڑھ رہا ہے۔ پس جب اتنا مبارک کام جائز نہیں ہو سکتا تو قبروں پر جا کر دعا مانگنا یا فاتحہ خوانی کہاں سے صحیح ہو سکتی ہے۔ اس کا ثبوت نہ قرآن و حدیث میں کہیں ملتا ہے اور نہ ہی اسلاف میں ہی اس کا کوئی نمونہ موجود ہے۔
بظاہر تو وہ میری باتوں سے مطمئن ہی نظر آ رہے تھے باقی اللہ ہی بہتر جانے ، چونکہ جن کا انتظار تھا وہ آ چکے تھے اس لیے میں ان سے معذرت کر کے چلا آیا۔
الغرض یہ کہ ایسے نہ جانے کتنے مسلمان حج وعمرہ پر جانے سے پہلے درگاہوں پر جا کر حاضری دے کر شرک کرتے ہیں اور انہیں یہ زعم ہوتا ہے کہ میں نے کوئی بڑا نیک کام انجام دیا ہو۔ اللہ ہم سبھی کو ہدایت دے۔ آمین
#مسجد_نبوی #masjidnabawi
0 टिप्पणियाँ
Please don't share spam link in this blog.